اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے اسکواڈز کی تیاری پر مشاورت شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تھنک ٹینک نے چند تبدیلیوں پر غور کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں دو سے تین تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا کی قیادت اور بیٹنگ کارکردگی پر بھی نظرثانی کی جارہی ہے۔ سلمان علی آغا توقعات کے مطابق ٹیم کو مضبوط نتائج نہ دے سکے جس کے بعد متبادل قیادت کے آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کی ممکنہ واپسی اور نئے ٹیلنٹ کو آزمانے پر بھی بات چیت جاری ہے۔ بعض نوجوان کھلاڑیوں کو حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع دیا جا سکتا ہے۔
ون ڈے اسکواڈ کے حوالے سے بھی چند تبدیلیاں متوقع ہیں تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور کپتانی کے معاملات طے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے۔
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کی کرکٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق سیریز پاکستان کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک بڑی کڑی سمجھی جا رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos