اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے معروف بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کمپنی کے شریک بانی اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف اقتصادی و تجارتی شعبوں میں شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں منعقد ہونے والی پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بزنس ٹو بزنس روابط کے نئے دروازے کھلے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول اور کاروبار میں آسانی (Ease of Doing Business) کو فروغ دینے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی مضبوطی کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے، تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر مواقع میسر آئیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل معیشت، فنٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی خدمات قومی ترقی کی حکمتِ عملی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں، اور پاکستان کے ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں شراکت داری کی گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos