لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اب گالیوں اور الزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر ہم جواب نہ دیں تو کیا کریں؟ پیپلز پارٹی کا مقصد وفاق کو کمزور کرنا ہے، اسی لیے وہ پنجاب حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنما بھی سخت زبان استعمال کر سکتے ہیں، مگر ہم ایسے رویے کو فروغ نہیں دینا چاہتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کہا ہے کہ جب پنجاب پر مشکل آتی ہے تو بعض عناصر سیاسی یلغار شروع کر دیتے ہیں، جو افسوسناک ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ سندھ حکومت کو پنجاب کے معاملات میں مداخلت کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیری رحمان نے سینیٹ میں کہا تھا کہ ہمیں کام کرنے دیا جائے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہمیں اپنے کام میں مداخلت کے بغیر کام کرنے دیا جائے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ صوبائیت کا کارڈ ہمیشہ سندھ کی جانب سے کھیلا جاتا ہے، سیلاب کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے کوئی عملی تعاون نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے روزانہ پریس کانفرنسیں اور تلخ بیانات دیے جا رہے ہیں جو کسی طور سیاسی شائستگی کے مطابق نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos