ایران امریکا پر جوہری میزائل سے حملہ کر سکتا ہے،نیتن یاہو کا الزام

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ تہران میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کیا جا رہا ہے، جو امریکی شہروں جیسے نیویارک، بوسٹن، واشنگٹن اور میامی کو ہدف بنا سکتا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ایران آٹھ ہزار کلومیٹر رینج کے میزائل تیار کر رہا ہے اور اگر اس میں تین ہزار کلومیٹر مزید شامل کیے جائیں تو امریکی مشرقی ساحل تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کو اس خطرے کو روکنے والا ملک قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس امریکا اور اسرائیل دونوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیل اور امریکا کے درمیان دفاعی معاہدوں کو سراہا اور آئرن ڈوم، ایرو سسٹم اور ٹرافی سسٹم جیسے ہتھیاروں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑی طاقت بن چکا ہے اور کئی دشمن منصوبے ناکام بنا چکا ہے۔

تاہم ایران کی طرف سے اس الزام کی تصدیق نہیں کی گئی اور بین الاقوامی اداروں نے بھی ابھی تک ایسے میزائل پروگرام کو اس سطح پر خطرناک قرار نہیں دیا۔