اسرائیل کا غزہ کے لیے امداد لے جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر حملہ

یروشلم / غزہ: اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر حملہ کرتے ہوئے تین جہازوں پر قبضہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق حملہ اس مقام پر کیا گیا جو اسرائیلی ناکہ بندی کے علاقے سے تقریباً 120 ناٹیکل میل کے فاصلے پر واقع ہے۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے منتظمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ "غزہ سے تقریباً 120 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحریہ نے ہمارے امدادی قافلے پر حملہ کیا، تین کشتیوں پر اسرائیلی اہلکار سوار ہو چکے ہیں، اور لائیو نشریات کو بھی منقطع کر دیا گیا ہے۔”

اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام کشتیوں اور ان میں سوار مسافر محفوظ ہیں۔
ترجمان کے مطابق فلوٹیلا میں شامل تمام افراد کو اسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد ان کے وطن واپس بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

فریڈم فلوٹیلا کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران خوراک، ادویات اور بنیادی امدادی سامان پہنچانا تھا۔
اسرائیلی اقدام کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی تحقیقات اور بین الاقوامی برادری سے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔