ن لیگ اورپی پی میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے وزیراعظم متحرک

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور سندھ کی سیاسی صورتحال اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں تناؤ پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے واک آؤٹ کے معاملے پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کے تحفظات اور شکایات سے آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیغام پہنچائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے وزیر داخلہ کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کشیدگی کم کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ محسن نقوی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کے ذریعے افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی نے بلاول ہاؤس کراچی میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں سیاسی حالات، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعلقات سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوئی۔

صدر زرداری نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سیاسی حالات میں مصالحانہ اور مثبت کردار ادا کریں تاکہ سیاسی استحکام کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔