راولپنڈی ، انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان کے سوا تمام دس نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ علیمہ خان کی جانب سے وکیل فیصل ملک اور حسنین سنبل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے یہ درخواست ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں وکلاء نے علیمہ خان کی جانب سے وکالت نامہ جمع نہیں کرایا، اس لیے وہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دینے کے مجاز نہیں۔
عدالت نے مؤقف سننے کے بعد علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos