عمر ایوب خان کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے-18 ہری پور پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ 24 نومبر 2025 کو ہوگی، جب کہ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی 15 سے 17 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

کاغذات کی اسکروٹنی 22 اکتوبر کو مکمل ہوگی، جبکہ اعتراضات پر فیصلے 2 نومبر تک کیے جائیں گے۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 5 نومبر کو جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات 6 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام انتظامات شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے مکمل کیے جائیں گے۔