بابراعظم اورمحمدرضوان کی واپسی کاامکان ختم،سلمان علی آغاپرمکمل اعتماد

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، اور قوی امکان ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بھی گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوئی، جس میں ٹیم کے کمبی نیشن کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان آئندہ چند روز میں اہم مشاورتی اجلاس متوقع ہے، جس کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کے نام اور وائٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کا اعلان کیا جائے گا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، کیونکہ بورڈ اور کوچنگ اسٹاف سلمان علی آغا کی قیادت سے مطمئن ہیں۔ وہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔

اگرچہ ایشیا کپ میں سلمان علی آغا کی کارکردگی تنقید کی زد میں رہی — جہاں انہوں نے 7 میچوں میں صرف 72 رنز بنائے — تاہم پی سی بی اور کوچ مائیک ہیسن کپتانی میں تسلسل برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں چار بار صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود صائم ایوب پر وائٹ بال کرکٹ میں اعتماد برقرار رکھا جائے گا، جب کہ وکٹ کیپر محمد حارث کی پوزیشن بھی محفوظ ہے۔ تاہم فاسٹ بولنگ شعبے میں حارث رؤف کی جگہ نئے فاسٹ بولرز کو آزمانے کا امکان ہے۔

کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل قیادت یا کمبی نیشن میں کسی بڑی تبدیلی کی ضرورت نہیں۔