فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان جب کہیں گے، عہدہ چھوڑ دوں گا،علی امین گنڈا پور

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے فیصلے کی خبروں کے بعد علی امین گنڈا پور کا ردعمل سامنے آگیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انہیں ابھی وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، وزارت اعلیٰ پارٹی اور عمران خان کی امانت ہے، جب کہیں گے چھوڑ دوں گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب مجھے کہا جائے گا کہ وزارت اعلیٰ چھوڑ دو تو اس کی تعمیل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ  جیل میں رہنماؤں کی ملاقات جاری ہے،ملاقات کے بعد پارٹی رہنما صورتحال واضح کر دیں گے۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لگائے جانے کا امکان ہے۔ سہیل آفریدی اس وقت خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ہیں۔