پاکستانی حکام اورآئی ایم ایف کےدرمیان اسٹاف لیول معاہدے میں اہم پیشرفت

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے۔ دونوں فریقین نے اسٹاف لیول معاہدے کے مختلف نکات پر اتفاق رائے کے قریب پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

ایوا پیٹرووا کی سربراہی میں آئی ایم ایف کا مشن 24 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کراچی اور اسلام آباد میں موجود رہا۔ اس دوران توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے دوسرے جائزے اور ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے پہلے جائزے سے متعلق تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

آئی ایم ایف کے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے پروگرام پر عمل درآمد میں اپنے وعدوں کے مطابق پیش رفت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مذاکرات کے دوران مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد، افراطِ زر کو قابو میں رکھنے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی، اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات جیسے اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری اداروں کے دائرہ کار میں کمی، شفافیت میں بہتری، اور گورننس کو مضبوط بنانا بھی مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ رہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق بقیہ نکات پر اتفاق کے لیے پالیسی سطح پر بات چیت آئندہ دنوں میں جاری رکھی جائے گی۔