امریکا،ٹرمپ کو دیا گیا خفیہ نوٹ نے ہلچل مچا دی

 واشنگٹن: وائٹ ہاؤس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان امن معاہدے کے اعلان سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دیا گیا خفیہ نوٹ عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کے بلیو روم میں ہونے والے اجلاس کے دوران مارکو روبیو نے صدر ٹرمپ کے کان میں سرگوشی کی اور انہیں ایک ہاتھ سے لکھا نوٹ تھمایا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے فوٹوگرافر نے نوٹ کی تصویر لی جس میں درج تھا: “بہت قریب ہیں، آپ کو جلد ہی ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ کی منظوری دینی ہوگی تاکہ آپ سب سے پہلے معاہدے کا اعلان کر سکیں۔”

صدر ٹرمپ نے اجلاس کے دوران شرکا کو بتایا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں امن معاہدے کے قریب ہے، جس کے بعد وہ فوری طور پر اجلاس سے روانہ ہوگئے۔

تقریباً دو گھنٹے بعد، صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ “مجھے فخر ہے کہ اسرائیل اور حماس نے ہمارے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت تمام یرغمالی جلد رہا ہوں گے اور اسرائیل اپنی افواج ایک طے شدہ لائن تک پیچھے ہٹائے گا۔”

صدر ٹرمپ نے قطر، مصر اور ترکی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دن مسلم دنیا، اسرائیل اور امریکا کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شرم الشیخ میں امریکی اور عرب رہنما اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور میں مصروف تھے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، صدر ٹرمپ کا فوری اعلان ان کی روایت کے مطابق تھا، جو اکثر عالمی کامیابیوں کا کریڈٹ خود لینے میں پیش پیش رہتے ہیں۔