فلسطینیوں پرمظالم کےخاتمے کی امید،امت مسلمہ اتحاد کرے:طاہر اشرفی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف دو سال سے جاری ظلم و بربریت کے خاتمے کی راہ ہموار ہوتی نظر آ رہی ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ امریکی صدر کے اعلان کے مطابق ابتدائی امن معاہدہ طے پا چکا ہے، اب وقت ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر فلسطینیوں کی عملی مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ عالمی قیادت کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جن میں امریکی صدر، سعودی ولی عہد، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ترک صدر، امیرِ قطر اور مصر کے صدر کی بھرپور کاوشیں شامل ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے سفارتی اقدامات کے باعث آج 159 ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان نے ہر فورم پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔

انہوں نے زور دیا کہ امت مسلمہ غزہ کی تعمیرِ نو میں فعال کردار ادا کرے تاکہ دوبارہ اسرائیلی جارحیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز دنیا بھر کے مسلمان شکرانے کے طور پر اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کریں اور فلسطین کی بحالی کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔