افغانستان نے پہلے ون ڈے میں بنگلادیش کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی

افغانستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 222 رنز کے ہدف کو صرف 17 گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

افغانستان کی بیٹنگ میں رحمان اللہ گرباز اور رحمت شاہ نے 50، 50 جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 40 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ حشمت اللہ شاہدی نے ناقابل شکست 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلادیشی ٹیم نے 48.5 اوورز میں 221 رنز بنائے۔ کپتان مہدی حسن میراز نے 60 اور توحید ہریدوئے نے 56 رنز بنا کر چوتھی وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت قائم کی۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان نے تین تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔