اٹلی کی وزیراعظم پر فلسطینی نسل کشی میں معاونت کا الزام، مقدمہ دائر

روم: اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے تصدیق کی ہے کہ ان سمیت کابینہ کے دیگر وزراء پر بین الاقوامی فوجداری عدالت میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے میں معاونت کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اطالوی ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر کو تقریباً 50 وکلا، قانونی ماہرین اور سرکردہ شخصیات نے اس مقدمے کی درخواست دی تھی۔ وزیراعظم میلونی نے بتایا کہ ان کے ساتھ وزیر دفاع گوئیڈو کروسیٹو اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی پر بھی یہ شکایت دائر کی گئی ہے۔

مقدمے میں عالمی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اٹلی کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اٹلی کی حکومت نے موقف اختیار کیا کہ اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنا موجودہ بین الاقوامی معاہدوں کے تحت کیا گیا اور شہریوں کے خلاف استعمال کی اجازت نہیں دی گئی۔