مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

 اسلام آباد: فلسطین کی امداد کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا قافلے میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق، مشتاق احمد خان اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد اردن پہنچے تھے، جہاں سے وہ گلف ایئر کی پرواز جی ایف 770 کے ذریعے بحرین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشتاق احمد کے استقبال کے لیے سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
ایئرپورٹ فلسطینی پرچموں سے سجا ہوا تھا، جہاں عوام نے پھول نچھاور کیے اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اردن میں پاکستانی سفارتخانے نے گزشتہ شب اطلاع دی تھی کہ

“سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جنہیں اسرائیل نے فلوٹیلا کو روکنے کے بعد حراست میں لیا تھا، بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔”

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم ایمن الصفدی سے رابطہ کر کے مشتاق احمد کی واپسی میں تعاون پر اردن کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ایئرپورٹ پر شہریوں نے مشتاق احمد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر اہلِ فلسطین اور امتِ مسلمہ کا مؤقف بہادری سے اجاگر کیا۔