سرگودھا: ربوہ میں قادیانیوں کی عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیکیورٹی پر تعینات افراد کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا،3فرار ہو گئے۔
جماعت احمدیہ کے ترجمان کے مطابق ربوہ کے گول بازار میں واقع احمدی عبادت گاہ ’بیت المہدی‘ پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ اُس وقت کیا گیا جب ان کی کمیونٹی کے افراد عبادت میں مصروف تھے۔
جماعت احمدیہ کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے عبادت گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی پر موجود اہلکاروں نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا، اس موقع پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ۔
چنیوٹ کے تھانہ چناب نگر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ ہوا،عبادت گاہ میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جب ایک گاڑی میں سوار 4 افراد وہاں پہنچے اور اُن میں سے ایک مسلح شخص گاڑی سے اُترا اور پستول نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس اہلکار کے بقول قادیانیوں کی عبادت گاہ کے باہر اُن کی سیکیورٹی کے رضا کاروں نے اُس مسلح شخص کو اینگیج کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں مسلح شحص ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مسلح شخص کی ہلاکت کے بعد گاڑی میں موجود اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے لیکن ابھی تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos