اسلام آباد/پشاور: تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز جو الزامات لگائے گئے تھے اُن کی کوئی بنیاد نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ جامع حکمت عملی بنائی جائے تاکہ معصوم افراد آپریشن میں شہید نہ ہوں اور دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ صوبے میں اس وقت مینڈیٹ اُن کی جماعت کے پاس ہے مگر وفاقی حکومت اور ادارے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنید اکبر نے سہیل آفریدی کو تعلیم یافتہ اور ایماندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے ساتھ ہے اور 92 ایم پی ایز انہیں ووٹ دیں گے۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی رابطے جاری ہیں اور انہیں مثبت ردِعمل مل رہا ہے۔ انہوں نے علی امین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر فوراً استعفیٰ دیا۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر نے کہا کہ جماعت مذاکراتی رویے کی حامی ہے اور طالبان سے بات چیت کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ عوام مسئلے کے پائیدار حل کے لیے گفت و شنید کو ترجیح دیتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos