لڑائی مک گئی اے،گھر جاؤ،خواجہ آصف کا غزہ مارچ پر ردعمل

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود مذہبی جماعت کے کارکنان اسلام آباد میں غزہ مارچ نکال کر جی ٹی روڈ پر احتجاج کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ دو سال میں غزہ کے باسیوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے تھے، بچوں کا قتل عام جاری تھا اور دنیا بھر میں عوام احتجاج کر رہی تھی، جن میں بہت بڑی تعداد غیر مسلم ممالک کے شہریوں کی بھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اب جب جنگ بندی ہو چکی ہے، فلسطینی مٹھائی کھا رہے ہیں اور بعض لوگ پھر بھی احتجاج کر رہے ہیں، یہ غیر ضروری اور زیادتی ہے، لہذا وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ لوگ گھر واپس جائیں۔

خیال رہے کہ مذہبی جماعت نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف غزہ مارچ کا اعلان کیا تھا، جس کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس تیسرے روز بھی بند ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج کے باعث راستے بند ہیں، مری روڈ پر ایمبولینسیں پھنس گئی ہیں اور شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔