پاکستان نے افغانستان کی جنگ بندی کی درخواست مسترد کردی

اسلام آباد، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کی جانب سے کی گئی جنگ بندی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں مؤثر جوابی کارروائیاں جاری رکھیں۔ افغان فورسز کی جانب سے اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے ضلع کرم، خرلاچی اور برامچا سیکٹرز سمیت متعدد سرحدی مقامات پر ہدفی کارروائیاں کیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں افغان فوج کی ایک اور چوکی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ خرلاچی سیکٹر میں کئی افغان پوسٹیں تباہ ہو گئیں۔ پاک فوج نے دوران میلا، ترکمانزئی اور برامچا سیکٹر کی شہیدان پوسٹ سمیت کئی اہم کیمپ اور چوکیاں بھی مؤثر حملوں سے ختم کر دیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران افغان فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا اور متعدد چوکیوں کو خالی کرنا پڑا۔ افغان اہلکار اپنی پوسٹوں پر لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیاں انتہائی احتیاط سے کی جا رہی ہیں، جن میں صرف وہ افغان پوسٹیں نشانہ بنائی جا رہی ہیں جو دہشت گرد عناصر یا خارجیوں کی مدد کر رہی ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کھرچر فورٹ، جو فتنہ الخوارج کا مرکز قرار دیا جاتا تھا، پاک فوج کی مؤثر گولہ باری سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اسی طرح افغان جنڈوسر پوسٹ بھی تباہ کر دی گئی، جس کے مناظر ویڈیوز میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرات کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔