افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو فوری اور مؤثر ردعمل دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے واضح کر دیا ہے کہ اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہادر جوان چوکس ہیں اور افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ کارروائیوں کے تانے بانے ہمارے ازلی دشمن بھارت سے ملتے ہیں، تاہم پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ فائرنگ کے بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی میں کئی افغان پوسٹیں تباہ کر دیں اور بعض چوکیوں پر پاکستان کا پرچم لہرا دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق انگور اڈہ چیک پوسٹ پر افغان فوجی پاک فوج کی پیش قدمی دیکھ کر پسپا ہوگئے۔