لاہور سے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال

لاہور، لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق ابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے شہری اب اسلام آباد موٹروے (ایم-2 اور ایم-3) کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹروے پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم راولپنڈی اور اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث متعدد سڑکیں اب بھی بند ہیں۔ مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھے جانے سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں میٹرو بس سروس تیسرے روز بھی بند ہے جبکہ فیض آباد کے اطراف ہوٹل بند کر دیے گئے ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

ادھر اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں نیٹ ورک کی فراہمی میں اب بھی مسائل برقرار ہیں۔