پاک افغان جھڑپ میں طیارہ گرائے جانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا نکلا

اسلام آباد، پاک افغان سرحد پر حالیہ جھڑپوں کے دوران بھارت نے حسبِ روایت جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا دیا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا کہ افغان طالبان نے پاکستان کا جنگی طیارہ مار گرایا ہے، تاہم تحقیقات سے یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کی رات شروع ہونے والی کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں رات کے وقت زمین سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے۔ ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ پاکستان کے تباہ شدہ طیارے کی ہے۔

ویڈیو کا ریورس امیج سرچ کے ذریعے انکشاف ہوا کہ یہ فوٹیج جولائی 2022 کی ہے، جب بھارت کا مگ-21 ٹو سیٹر فائٹر جیٹ بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بارمیر میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ اس حادثے میں بھارتی فضائیہ کے دو پائلٹ بھی ہلاک ہوئے تھے۔

تحقیق کے بعد واضح ہو گیا کہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی طیارہ گرائے جانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا اور پرانی ویڈیو پر مبنی تھا۔