افغانستان کی بلااشتعال کارروائی پر مریم نواز کی مذمت،پاک فوج کی بہادری کو سلام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج پوری قوم کی عزت، غیرت، عزم اور وقار کی علامت ہے، جس نے افغان جارحیت کا جواب ہمیشہ کی طرح جرات، دانشمندی اور قومی اتحاد سے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج کا دلیری سے دیا گیا جواب واضح پیغام ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر کمزوری کی علامت نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرحدیں مقدس امانت ہیں، ان کا دفاع ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں لیکن ملک کی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔