مسلح افواج کے جوان اور افسران وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ایسے میں قومی قیادت کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

رانا ثناءاللہ کی تمام جماعتوں کو استحکامِ پاکستان کے لیے اتحاد کی دعوت

 

وزیرِ اعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناءاللہ نے ملک میں استحکام اور یکجہتی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مسلح افواج کے جوان اور افسران وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ایسے میں قومی قیادت کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کو “میثاقِ استحکامِ پاکستان” کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سمیت مذہبی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت سب سے مقدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھی اس موقع پر قومی یکجہتی کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، کیونکہ یہی طرزِ عمل مستقبل میں سب کے لیے مثبت راستہ کھول سکتا ہے۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ملک کی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا، دشمن کی متعدد پناہ گاہیں تباہ کیں اور قومی وقار میں اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی جماعتوں کے احتجاج پر عوامی مشکلات بڑھ رہی ہیں، اس لیے احتجاجی مارچ ختم کیا جانا چاہیے تاکہ روزمرہ زندگی معمول پر آسکے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل نے غزہ کے معاملے پر جرات مندانہ اور مؤثر موقف اختیار کیا، جس کے نتیجے میں سفارتی سطح پر جنگ بندی کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔