خیبر: لنڈی کوتل میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور پاک افغان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ریلی نکالی گئی۔
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل بازار میں مشران، عوام، تاجران، کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس اور دیگر مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور پاک افغان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک ریلی نکالی۔ریلی کے شرکا نے "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد” اور "ہم امن چاہتے ہیں، جنگ نہیں چاہتے” کے نعرے لگائے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری، سابق ایم پی اے ویلسن وزیر، سینئر کسٹم ایجنٹ اور سماجی رہنما قاری نظیم گل شینواری سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ پاک افغان دونوں ممالک کو موجودہ کشیدگی ختم کر کے امن و استحکام کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔
شرکا کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طورخم بارڈر کو دو طرفہ تجارت اور پیدل مسافروں کی آمدورفت کے لیے فوری طور پر کھولا جائے۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چالیس سالوں سے لاکھوں افغان شہریوں کی میزبانی کی ہے، اس لیے افغان حکام کو چاہیے کہ تمام مسائل بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کریں، تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos