فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

حماس کا ٹرمپ کی مصر آمد سے قبل اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا اعلان

 مقبوضہ بیت المقدس : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے معاہدے کے تحت پیر کی صبح اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلیٰ عہدیدار اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ غزہ میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ کل صبح صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں ہونے والے بین الاقوامی کانفرنس سے قبل شروع کر دیا جائے گا۔

غزہ کی صورت حال میں اہم پیش رفت کے تحت، فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اتوار کی شب تک 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ خبر امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اتوار کو شائع کی تھی۔

حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غزہ میں مزاحمتی تنظیم کے قبضے میں موجود 48 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پیر کی صبح سے شروع ہوگی۔

حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے اسامہ حمدان نے اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دستخط شدہ معاہدے کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کا عمل پیر کی صبح سے طے شدہ طور پر شروع ہوگا اور اس معاملے میں کوئی نئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ”اسرائیل تمام یرغمالیوں کی فوری وصولی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔“