پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مینگورہ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اتوار کو مینگورہ شہر اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے باعث کئی شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے دوران متعدد مقامات پر لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے جب کہ شہریوں نے بلند آواز میں کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کی زیرِ زمین گہرائی 218 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوکش پہاڑی سلسلہ زلزلوں کا حساس خطہ ہے، جہاں وقتاً فوقتاً جھٹکے محسوس کیے جاتے رہتے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ ممکنہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos