کابل: افغان طالبان نے سابق وزیر اعظم اور حزبِ اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
گلبدین حکمت یار کے بیٹے حبیب الرحمان حکمت یار کا کہنا ہے کہ طالبان نے نہ صرف ان کے والد کی عوام سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالی بلکہ انہیں ’خوف زدہ‘ اور ’خطرناک‘ سمجھا۔
حبیب الرحمان نے بتایا کہ طالبان دیگر سیاسی رہنماؤں کو ملک واپس آنے کی ترغیب دیتے ہیں اور سلامتی کی ضمانت دیتے ہیں، لیکن گلبدین حکمت یار کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار سالوں سے طالبان نے سیاسی رہنماؤں، سابق حکومتی شخصیات اور قبائلی عمائدین پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور اکثر کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
افغانستان میں طالبان حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں روک دی ہیں اور کسی بھی سیاسی اجتماع یا تنظیمی سرگرمی کو ممنوع قرار دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos