گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے اعتراض پر گنڈا پور کا رد عمل

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے استعفوں پر اعتراض کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے اپنے دونوں استعفے 8 اور 11 اکتوبر کو اپنے مستند دستخط کے ساتھ جمع کرائے تھے۔
ان کے مطابق 8 اکتوبر کا استعفیٰ، جسے پہلے مسترد کیا گیا تھا، اب تسلیم کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے گورنر کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے دونوں استعفوں کی کاپی بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کے دستخطوں پر اعتراض لگا کر ان کا استعفیٰ واپس کیا تھا۔
گورنر کی جانب سے جاری خط میں دونوں استعفوں پر دستخط مختلف اور غیرمشابہ قرار دیے گئے تھے۔

گورنر نے علی امین گنڈا پور کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 15 اکتوبر کو دوپہر 3 بجے گورنر ہاؤس آنے کی ہدایت کی ہے۔