پاک افغان کشیدگی کے بعد چمن بارڈر دوسرے روز بھی بند

چمن: پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے باعث آج دوسرے روز بھی چمن بارڈر مکمل طور پر بند ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد کی بندش کے سبب آمد و رفت معطل ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی رات افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد گروہ "فتنہ الخوارج” نے پاک افغان سرحد کے قریب حملہ کیا، جس کا پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔

فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں 21 افغان پوزیشنز پر عارضی قبضہ کیا گیا اور دہشتگردوں کے مراکز کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 23 جوان شہید اور 29 زخمی ہوئے۔

جوابی کارروائی میں 200 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ طالبان حکومت اپنی سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ کرے اور ان کی پشت پناہی بند کرے، ورنہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔