Begin نے Pakistan Idol کے عالمی اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لیے

‎‎دبئی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں قائم معروف او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم Begin نے جنوبی ایشیا کے مقبول ترین میوزک ریئلٹی شوز میں سے ایک "Pakistan Idol” کے عالمی اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ اس معاہدے کے بعد پاکستان کا یہ معروف میوزیکل شو اب امریکہ، کینیڈا، سعودی عرب، اور متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر میں براہِ راست دیکھا جا سکے گا۔یہ اقدام Begin کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ جنوبی ایشیائی تفریح اور مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ پروگرام Fremantle کے لائسنس کے تحت تیار کیا جا رہا ہےواضح رہے کہ یہ وہی ادارہ ہے جو عالمی شہرت یافتہ "Idol” فرنچائز کا خالق ہے۔”Pakistan Idol” اپنی نوعیت کا منفرد شو ہے جو ملک بھر کے نوجوان گلوکاروں کو اپنی آواز کے ذریعے شناخت بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ شو ہفتے اور اتوار کی شب سات بڑے پاکستانی ٹی وی چینلز ‘ جیو ٹی وی، پی ٹی وی، گرین انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ، اے پلس، آور لائف اور آن ٹی وی پر بیک وقت نشر ہوتا ہے۔مقامی سطح پر پروگرام شام 8 بجے سے براہِ راست دکھایا جا رہا ہے، جبکہ اب Begin ایپ کے ذریعے بیرونِ ملک ناظرین بھی اسے دیکھ سکیں گے۔ دیگر ممالک مثلاً برطانیہ، جرمنی، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نائیجیریا میں یہ شو begin.watch ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔MHL کی ڈائریکٹر زویا مرچنٹ نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان آئیڈل کی بین الاقوامی تقسیم اس بات کا ثبوت ہے کہ جنوبی ایشیائی تفریح عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے۔ یہ اشتراک پاکستانی تخلیقی صلاحیت کو دنیا کے سامنے لانے کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔ Begin کے شریک بانی و سی ای او جوناتھن مارک نے کہاکہ ہمارا مقصد ایسا مواد فراہم کرنا ہے جو ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے۔ Pakistan Idol اس بات کی علامت ہے کہ موسیقی جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر لوگوں کو ایک ساتھ جوڑ سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ "Pakistan Idol” کے اضافے کے ساتھ Begin نے اپنے مواد کو مزید وسعت دی ہے۔ پلیٹ فارم جنوبی ایشیائی لائبریری کو بڑھاتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی موجودگی مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اپنی بڑھتی ہوئی پریمیم اوریجنل پروڈکشنز اور لائسنس شدہ فارمیٹس کے ساتھ Begin خطے کی تفریحی صنعت کو عالمی نقشے پر ایک نئے مقام تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔