افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد ملک بدر کیا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد انہیں وطن واپس بھیجا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ عناصر ہر معاملے کو منفی رنگ دیتے ہیں، اگر پولیو ویکسین میں کوئی خطرہ ہوتا تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو یہ ویکسین نہ پلاتیں۔

انہوں نے علمائے کرام اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پولیو ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جہاں تمام ڈیٹا ریکارڈ کیا جائے گا اور والدین کو آگاہی دی جائے گی تاکہ وہ بچوں کو ویکسین پلانے کی اہمیت سمجھ سکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پولیو وائرس اب دنیا کے صرف دو ممالک میں باقی ہے، اور یہ ہمارے لیے باعثِ افسوس ہے کہ پاکستان ان میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سندھ میں پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انسدادِ پولیو مہم سہراب گوٹھ سمیت تمام علاقوں میں جاری رہے گی۔ افغان بچوں کو پہلے پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور بعد ازاں انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان نے سرحد پر حملہ کیا تھا جس کا جواب دیا جا چکا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد ہیں۔ ہماری سرحدوں پر خطرات ضرور ہیں لیکن پولیو مہم نہیں رکے گی کیونکہ یہ بھی ایک جنگ ہے جس میں ہم اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔