مریدکے میں سعد رضوی سمیت ٹی ایل پی رہنماؤں اور کارکنان پر مقدمہ درج

مریدکے: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے قائد سعد رضوی سمیت تنظیم کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مختلف سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ مریدکے سٹی میں سب انسپکٹر محمد افضل کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل، اغوا، ڈکیتی اور کارِ سرکار میں مداخلت سمیت 32 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے میں سعد رضوی، انس رضوی، علامہ فاروق الحسن، مولانا سجاد اور مفتی وزیر علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کی کارروائی کے دوران مذہبی جماعت کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ، پیٹرول بموں کا استعمال اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ایس ایچ او شہید جبکہ 48 اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں مذہبی جماعت کے 3 کارکن اور ایک راہگیر جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران 40 سے زائد سرکاری و نجی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔