وزیراعلیٰ پنجاب کا سبزیوں کے نرخ کم کرنے کیلئےاقدامات کا اعلان

اہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں سبزیوں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔

وزیراعلیٰ نے ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کے بڑھتے نرخوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر قیمتوں میں کمی اور عوامی سطح پر فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف نے حکم دیا کہ ہر دکان پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں جبکہ بازاروں کے داخلی دروازوں پر بھی ریٹ لسٹ لگائی جائے۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ کو سٹریٹجک پلان پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ایک نئی ایپلی کیشن کے ذریعے سبزیوں کی فراہمی، نرخ اور اسٹاک سے متعلق ڈیٹا مرکزی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوگا۔

مزید بتایا گیا کہ منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ، گندم کی پسائی اور آٹے کی دستیابی پر بھی نگرانی کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں سبزیوں کی ریڑھیوں کا یکساں ڈیزائن تیار کیا جائے گا جبکہ تمام سبزی منڈیوں اور کاشتکار بازاروں کی برانڈنگ، مارکیٹ اسٹاف کی وردی اور شاپس کا انداز بھی ایک جیسا رکھا جائے گا۔

صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے منڈیوں میں مکینیکل سویپرز کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں رمضان کے دوران سستے بازاروں کے قیام اور تحفظِ صارف قانون کے مؤثر نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ حکومت کے اقدامات کے اثرات عوام تک واضح طور پر پہنچنے چاہییں، سبزیوں کی طلب کے مطابق پیشگی انتظامات کیے جائیں تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔