اسلام آباد ایکسپریس وے سے فیض آباد انٹرنیچ پر اوپر جانے کے راستے پر منگل 14 اکتوبر کی صبح کنٹینر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں سڑکیں کھل گئیں، میٹرو بس جزوی بحال، ریڈ زون بدستور بند

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بند کی گئی بڑی سڑکوں کو کھل دیا گیا ہے۔ تاہم ایکسپریس وے انٹرچینج کو فیض آباد کے مقام پر صرف ایک طرف سے کھولا گیا ہے۔ ریڈ زون کے راستے بند ہیں البتہ میٹرو بس سروس جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج کے باعث اسلام آباد میں راستے جمعہ کے روز سے بند تھے۔ فیض آباد انٹرچینج کو اوپر مری روڈ اور نیچے اسلام آباد ایکسپریس وے سے بند کردیا گیا تھا۔ اسی طرح زیرپوائنٹ پر بھی نیچے ایکسپریس وے اور اوپر سرینگر ہائی وے بند تھی۔

ٹی ایل پی کے خلاف مرید کے میں پیر کو علی الصباح آپریشن کے بعد جب نئے احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تو کئی سڑکیں بند ہوئیں۔

تاہم رات گئے سڑکیں کھلنا شروع ہوئی ہیں۔ منگل کی صبح سرینگر ہائی وے مکمل طور پر کھول دی گئی۔ زیروپوائنٹ سے گاڑیاں نیچے ایکسپریس وے پر بھی جا سکتی ہیں۔

ایکسپریس وے مکمل طور پر کھلا ہے البتہ فیض آباد انٹرچینج پر اوپر جانے کے راستے پر کنٹینر بدستور موجود ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں جہاں جہاں سڑکیں بند کی گئی تھیں وہاں کنٹینرز سائیڈ پر اب بھی رکھے ہیں۔

لاہور اسلام اباد موٹروے ایم 2 پیر اور منگل کی درمیانی رات مکمل طور پر کھول دی گئی تھی۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم-3 (لاہور – عبد الحکیم ) اور ایم-4 (پنڈی بھٹیاں-ملتان) موٹروے تمام قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی ہیں۔

کون سے راستے بند ہیں

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے منگل کی صبح جاری کی گئی اپ ڈیٹ کے مطابق ریڈ زون کے تمام انٹری پوائنٹ بند ہیں، صرف ٹریل 3 کا راستہ کھلا ہے لیکن پہلے سے چیک کرنا بہتر ہوگا۔ اصفہانی روڈ ریڈیو چوک سے شمس پکٹ تک بند ہے، سہروردی روڈ سرینا سے آبپارہ سے بند ہے، جناح اسکوائر فلائی اوور سے سرینا تک راستہ بند ہے، شاہراہ دستور بھی سرینا سے بند ہے۔

آئی جے پی روڈ فیض آباد سے آئی 8 تک بند رکھا گیا ہے۔ فیض آباد انٹرچینج کے کے تمام لوپ راستے بند ہیں۔

کاک پل پر صبح کے وقت صرف ایک لائن کھلی تھی۔

میٹرو بس سروس بحال

راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس جزوی طور پر اور لاہور میں مکمل بحال کردی گئی ہے۔

اسلام آباد راولپنڈی میں پہلے فیز میں سروس صدر سے کشمیر ہائی وے تک بحال کی گئی، فیض احمد فیض سے پاک سیکریٹریٹ تک میٹروبس بدستور بند ہے۔

لاہورمیں اورنج لائن ٹرین اورمیٹروبس سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے،اورنج لائن ٹرین پانچ روزبندرہنے کے بعدا منگل کے روز سے دوبارہ چلا دی گئی۔ راستوں کی بندش کے باعث سروسزعارضی طور پر معطل کی گئی تھیں۔