پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کے معاملے پر گورنر کی دستیابی معلوم کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گورنر خیبر پختونخوا کی حلف برداری کے لیے دستیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں۔ عدالت نے مزید ہدایت دی کہ رپورٹ کل دوپہر ایک بجے سے پہلے جمع کرائی جائے۔
عدالتی حکم کے مطابق یہ درخواست اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر ارکان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سپیکر یا کسی اور کو حلف لینے کے لیے نامزد کیا جائے تاکہ صوبے میں حکومتی امور متاثر نہ ہوں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے استعفیٰ گورنر کو بھجوایا، جبکہ سہیل آفریدی 13 اکتوبر کو وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ اپوزیشن نے انتخابی عمل پر اعتراضات اٹھائے جنہیں اسپیکر نے مسترد کردیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ حلف میں مزید تاخیر صوبے کے انتظامی امور کو متاثر کرسکتی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 255(2) کے تحت کارروائی ممکن نہیں کیونکہ گورنر پاکستان میں موجود ہیں اور 15 اکتوبر کو دستیاب ہوں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos