اسٹار لنک لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل، ایلون مسک کی پاکستان آمد متوقع

پاکستان میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی اسٹار لنک رواں سال کے اختتام تک اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا باقاعدہ آغاز کرنے جا رہی ہے، جب کہ ذرائع کے مطابق اس موقع پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں اسپیس ایکس کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی شرکت بھی متوقع ہے۔**

ذرائع کے مطابق اسٹار لنک نے پاکستانی قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، اور توقع ہے کہ تمام ضوابط کی منظوری کے بعد سروسز کا آغاز دسمبر 2025 میں کر دیا جائے گا۔ پاکستان اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) بین الاقوامی معیار کے مطابق سیٹلائٹ آپریشنز کے لیے ایک جامع ریگولیٹری فریم ورک کو حتمی شکل دے رہا ہے، جس کے بعد اسٹار لنک کو باضابطہ رجسٹریشن دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس فریم ورک کی تیاری میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی دیگر عالمی کمپنیوں کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ میں شنگھائی ٹیلی کام، ایمازون، ون ویب اور دیگر بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی، جس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ نے بھی شرکت کی۔

تاہم اسٹار لنک پہلی کمپنی ہے جس نے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرائی ہے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے کمپنی کو لائسنس جاری کیا جائے گا۔

اسٹار لنک پہلے ہی جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے، اور پاکستان میں اس کے آغاز سے ڈیجیٹلائزیشن، انٹرنیٹ کنیکٹوٹی اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف انٹرنیٹ کی رسائی میں انقلاب لائے گا بلکہ تعلیم، تجارت اور عوامی خدمات کے شعبوں میں بھی مثبت اثر ڈالے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اسٹار لنک کی سرگرمیوں سے قومی سلامتی کے اداروں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوگا، اور حکومت اس منصوبے کو ملک میں تکنیکی خودکفالت اور عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھ رہی ہے۔