افغانستان کے ساتھ معاملات طے کیے بغیرامن ممکن نہیں،سلمان اکرم راجا

 پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ معاملات حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، اور دونوں ملکوں کے باہمی مذاکرات ناگزیر ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے اپوزیشن کے تنقیدی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں کسی قسم کی دراڑ پیدا کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں اور جمہوری عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور اگر آج نہ ہوا تو جلد ہو جائے گا، انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قابلیت اور تجربے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

راجہ نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ افغانستان کی جانب سے مبینہ حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد بند کرنا حل نہیں، کیونکہ دونوں ممالک کی معیشت اور روزگار آپس میں منسلک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ہی وہ راستہ ہیں جس سے دہشت گردی کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔