علیحدگی پسندپاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

 

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی بدامنی اور حالات کی خرابی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا واضح کردار ہے، اور علیحدگی پسند عناصر بھارت کی خوشنودی چاہتے ہوئے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

17ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیرونی دشمن کے خلاف کارروائی نسبتاً آسان ہے، مگر اندرونی صفوں میں شامل دشمن سے نمٹنا زیادہ مشکل ہے۔ بلوچستان میں شورش نہیں بلکہ علیحدگی کی نام نہاد تحریکیں جاری ہیں جن کا مقصد ریاست کو تقسیم کرنا اور نقصان پہنچانا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) کی صلاحیت بڑھائی جا رہی ہے اور اس کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے بڑھائے گئے ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ‘‘ناراض بلوچ’’ کی اصطلاح کو دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے لیے متعارف کروایا گیا؛ جنہوں نے اسلحے کے ذریعے تشدد کیا وہ ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن اور دوست کی پہچان بعض علاقوں میں مشکل ہو گئی ہے، اس لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ریاستی استحکام سیاست سے بالاتر ہے۔