سعد رضوی اور انس رضوی کا سراغ ملنے اور جلد گرفتاری کے دعوے

تحریک لبیک کے رہنماؤں سعد رضوی اور انس رضوی کے حوالے سے نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحریک لبیک کے رہنماؤں سعد رضوی اور انس رضوی کا کھوج لگا لیا ہے اور توقع ہے کہ دونوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ان کے بارے میں معلومات حاصل کر لی گئی ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ وہ زخمی ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ سعد رضوی اور انس رضوی اتوار کی شب مریدکے میں تحریک لبیک کے احتجاج کے خاتمے کے لیے کی گئی کارروائی کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی گرفتاری اور زخمی ہونے سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، مگر ان کی کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

سعد رضوی اور انس رضوی، تحریک لبیک کے بانی علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے ہیں۔ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد تحریک لبیک کی قیادت سعد رضوی نے سنبھالی تھی۔

تحریک لبیک کے احتجاج کے باعث چار روز تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور بعض دیگر شہروں میں راستے بند رہے۔ اسلام آباد میں زندگی منگل کی صبح کافی حد تک معمول پر آگئی۔ انتطامیہ نے مختلف سڑکیں کھول دی ہیں اور میٹرو بس سروس بھی جزوی بحال کردی گئی ہے۔