اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کا احترام، خودمختاری اور مساوات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر نے کہا کہ سفید چھڑی صرف ایک سہارا نہیں بلکہ حوصلے، وقار اور خوداعتمادی کی علامت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایسا معاشرہ قائم کیا جائے گا جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع میسر ہوں۔
صدر زرداری نے کہا کہ حکومت بصارت سے محروم افراد کو تعلیم، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں میں بھرپور شمولیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندہ صائمہ سلیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی روشن مثال ہیں کہ کوئی بھی معذوری انسان کے عزم اور کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
صدرِ مملکت نے عوام، اداروں اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بصارت سے محروم افراد کی مدد اور شمولیت کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان وہی ہے جہاں ہر شہری کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا یکساں موقع ملے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos