پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں لیبیا کے خودمختار سیاسی حل کی حمایت پر زور

نیویارک: پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں لیبیا کی خودمختاری، قومی وحدت اور شفاف سیاسی عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نگران مستقل مندوب، سفیر عثمان اقبال جدون نے کہا کہ اسلام آباد ایک ایسے سیاسی روڈ میپ کی حمایت کرتا ہے جو لیبیا کی قیادت اور ملکیت میں تیار کیا جائے، کیونکہ یہی پائیدار امن و استحکام کی ضمانت ہے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہنا ٹیٹے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں امن، مصالحت اور سیاسی عمل کو فروغ ملا ہے۔

سفیر عثمان جدون نے پانچ ترجیحات پیش کیں جن میں شفاف سیاسی روڈ میپ، عبوری مرحلے کی تکمیل، ادارہ جاتی استحکام، شمولیتی انتخابات، اور واضح ٹائم لائنز کا تعین شامل ہیں۔

انہوں نے لیبیا میں جاری جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ سلامتی کمیٹیوں کے درمیان تعاون اور اعتماد سازی کے اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے انہوں نے قومی بجٹ کے انضمام، منجمد اثاثوں کی شفاف نگرانی اور مالی نظم و ضبط کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، متحد اور خودمختار لیبیا کے ساتھ اپنی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔