اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے دہرانے جانے والے اشتعال انگیز اور من گھڑت پروپیگنڈے کو انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹس کیا گیا ہے، اور ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج سے دوچار کر سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہِ حق کے پانچ ماہ بعد بھارت کی فوجی اور سیاسی قیادت نے پچھلے بیانات دوبارہ جاری کیے جو کہ حقائق سے بعید ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس پروپیگنڈے کے پیچھے ممکنہ طور پر داخلی سیاسی مقاصد اور انتخابات کا ایجنڈا کارفرما ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا کہ بھارت اب بھی معرکہِ حق میں شکست کو تسلیم نہیں کر پایا اور جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بین الاقوامی برادری اور بھارتی عوام کو خبردار کیا کہ یکطرفہ اور مبالغہ آمیز بیانات خطے میں عدم استحکام کو ہوا دے سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی افواج اور عوام اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور مضبوط عزم رکھتے ہیں، اور اگر کوئی جارحیت یا اشتعال انگیز قدم اٹھایا گیا تو اس کا جواب تیز، موثر اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ بیانات ہی امن و اعتماد کی فضا قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے، اور غیر ضروری گھمنڈ یا اشتعال انگیزی سے اجتناب کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں خونریزی اور تنازع سے بچا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos