دبئی فنانشل کورٹ کا بھارتی بزنس مین پر 16 کروڑ 87 لاکھ درہم جرمانہ

دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) کورٹ نے بھارتی بزنس مین بی آر شیٹی کے خلاف اہم فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 16 کروڑ 87 لاکھ درہم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

فیصلہ ڈی آئی ایف سی کی مصالحتی عدالت کے جج جسٹس اینڈریو موران نے سنایا، جنہوں نے قرار دیا کہ بی آر شیٹی نے ذاتی ضمانت کے معاملے میں جھوٹا بیان دیا تھا۔ عدالت کے مطابق شیٹی کی گواہی ناقابلِ یقین اور مسلسل غلط بیانی پر مبنی تھی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بی آر شیٹی نے 2018 میں بینک آف انڈیا سے 50 ملین ڈالر کے قرض کے لیے ذاتی ضمانت پر حلف کے دوران غلط معلومات فراہم کیں۔ عدالت نے شواہد کو ناقابلِ تردید قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ بینک آف انڈیا کی ڈی آئی ایف سی برانچ کو 16 کروڑ 87 لاکھ درہم ادا کیے جائیں۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ اگر رقم فوری طور پر ادا نہیں کی جاتی تو بی آر شیٹی کو 9 فیصد سالانہ سود بھی ادا کرنا ہوگا، جو روزانہ تقریباً 11 ہزار 341 ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

واضح رہے کہ بی آر شیٹی نے 1970 کی دہائی میں دبئی میں اسپتال قائم کیا تھا۔ ان کی کمپنی 2020 میں تقریباً 4 ارب ڈالر کے خفیہ قرضوں کے انکشاف کے بعد دیوالیہ ہوگئی تھی۔ اسی سال انہوں نے استعفیٰ دیا اور بھارت واپس چلے گئے تھے۔

بی آر شیٹی کی کمپنی لندن اسٹاک ایکسچینج میں درج تھی اور ایک وقت میں اس کی مالیت 10 ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھی۔ ماہرین نے عدالتی کارروائی کے دوران ان کے دستخط کے نمونوں کی بھی تصدیق کی، جس سے ان کے جھوٹے بیان کی تصدیق ہوئی۔