امریکا پہلی بار10 طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست سے باہر

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس (Henley Passport Index) کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکہ پہلی بار دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹس کی ٹاپ 10 فہرست سے باہر ہوگیا ہے اور اب 12 ویں نمبر پر ہے۔ امریکی شہری اب 227 میں سے صرف 180 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے داخلے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں سنگاپور کو سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کرتے ہیں، جبکہ جنوبی کوریا دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر ہیں۔

امریکی پاسپورٹ کی پوزیشن کم ہونے کی بڑی وجہ دیگر ممالک کی سفری پالیسیوں میں تبدیلیاں ہیں۔ اس فہرست میں چین اور متحدہ عرب امارات نے نمایاں ترقی کی ہے، جہاں چین پچھلے 10 سال میں 37 مزید ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کر چکا ہے اور UAE 42 ویں پوزیشن سے بڑھ کر 8 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

فہرست کے نچلے حصے میں افغانستان سب سے کمزور پاسپورٹ کے طور پر برقرار ہے، جس کے شہری صرف 24 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔