پنجاب بھر میں تحریک لبیک کے ہفتہ بھر جاری رہنے والے احتجاج کے دوران پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ کے الزام میں 2716 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 250 کے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
یہ بات پولیس کے ریکارڈ سے سامنے آئی ہے جو بدھ کے روز بعض صحافیوں سے شیئر کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مختلف شہروں میں سب سے زیادہ گرفتاریاں لاہور سے ہوئیں جہاں 251 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔ شیخوپورہ سے 178، منڈی بہاؤالدین سے 190، راولپنڈی سے 155، فیصل آباد سے 143، گوجرانوالہ سے 135، سیالکوٹ سے 128 اور اٹک سے 121 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ تمام اعداد و شمار پولیس ریکارڈ سے حاصل کیے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ان گرفتار افراد کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں 76 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ 39 لاہور اور 8 شیخوپورہ میں درج ہوئے۔
پولیس کے مطابق تحریک لبیک کے کارکنوں کے حملوں میں 250 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایک پولیس انسپکٹر جاں بحق ہوا۔ لاہور میں سب سے زیادہ 142 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ شیخوپورہ میں 48 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پنجاب پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھی تحریک لبیک کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos