اسلام آباد: وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق افغان طالبان حکومت کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سیز فائر کا فیصلہ آج شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلیے عارضی طور پر کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس دوران دونوں اطراف تعمیری بات چیت کے ذریعے اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔
پاکستان اور افغان حکومت نے اپنے مؤقف میں دوسرے فریق پر جنگ بندی کی درخواست کا ذمہ ڈالا ہے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کا جہاں یہ مؤقف ہے کہ یہ جنگ بندی افغان طالبان کی درخواست پر عمل میں لائی جا رہی ہے وہیں افغان طالبان کے ترجمان نے بھی ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ جنگ بندی پاکستان کی درخواست پر نفاذ کی جا رہی ہے۔
انھوں نے اپنی سکیورٹی فورسز سے یہ کہا ہے کہ جب تک دسری طرف سے خلاف ورزی نہ ہو تو اس جنگ بندی پر عمل پیرا رہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی فورسز میں بدھ کی صبح چمن اور اسپین بولدک کے درمیان سرحدی علاقے میں شدید لڑائی ہوئی۔ پاک فوج کے مطابق لڑائی میں پندرہ سے بیس افغان فوجی مارے گئے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ 12 افغان شہری مارے گئے ہیں۔
اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اس لڑائی کے دوران پاکستان نے افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos