کولمبو: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور پاکستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
113 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز منیبہ علی اور اومائمہ سہیل نے کیا تاہم 6.4 اوورز میں 34 کے مجموعی سکور پر دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کوختم کرنا پڑا۔
قبل ازیں سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہونیوالے ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلش کرکٹ ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 31 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔
میچ کے دوران بارش کے باعث کھیل کو 31 اوورز تک محدود کردیا گیا تاہم پاکستان کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت جیت کے لیے 113 رنز کا ہدف دے دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین 33 رنز کیساتھ نمایاں رہیں، ہیتھر نائٹ اور ایم آرلوٹ نے 18، 18، ایلس کیپسی نے 16 اور صوفیہ ڈنکلی نے 11 رنز بنائے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
گرین شرٹس کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 4، سعدیہ اقبال نے 2 جبکہ دانیہ بیگ اور رامین شرمیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos