سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مکہ مکرمہ میں عظیم الشان ترقیاتی منصوبے ’’کنگ سلمان گیٹ‘‘ کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
سعودی ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ مسجدِ حرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس کا مقصد مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے کی جدید طرز پر ترقی، بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور عمرانی و سماجی ترقی کے ایک عالمی نمونے کو پیش کرنا ہے۔
کنگ سلمان گیٹ منصوبہ زائرینِ حرمین شریفین کے لیے سہولیات، نقل و حمل اور اعلیٰ معیار کی خدمات میں بہتری کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ منصوبے میں 9 لاکھ نمازیوں کے لیے اندرونی و بیرونی مصلیٰ جات، وسیع صحنوں اور جدید سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔
یہ منصوبہ براہِ راست عوامی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سے منسلک ہوگا، جبکہ اس کے تحت 19 ہزار مربع میٹر پر محیط ثقافتی و تاریخی علاقوں کی ازسرِنو بحالی بھی کی جائے گی۔
تخمینے کے مطابق منصوبے کے مکمل ہونے پر 2036 تک تین لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے جو ملک کو پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام اور عالمی معیار کے شہروں کی تعمیر کی جانب لے جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos